پشاور(کرائم رپورٹر) تھانہ گلبہار کے قریب دن دیہاڑے پیشی بھگتنے والے 17سالہ لڑکے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جبکہ حیات آباد کے علاقے سے شہری کی نعش برآمد کرلی گئی ۔ تھانہ گلبہار پولیس کے مطابق قتل کا واقعہ مین جی ٹی روڈ باالمقابل حاجی کیمپ پیش آیا ہے جہاں فضل رحیم ولد گل رحیم سکنہ غریب آبادنے بتایاکہ نعش اس کے بھتیجے حماد رحیم ولد سید رحیم کی ہے ، گزشتہ روز اس کی سیشن کورٹ میں پیشی تھی جس کیلئے وہ بھی بھتیجے کے ساتھ گیا تھا، واپسی پر رکشہ سے بس سٹینڈ میں اترے ،اسی اثناءموٹرسائیکل پر سوار شہزاد سکنہ بدھو ثمر باغ اور امداد نے آکر ہم پر فائرنگ کردی جس سے وہ بال بال بچ گیا لیکن بھتیجا سر پرگولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا،انہوں نے بتایاکہ وجہ عناد سابقہ دشمنی ہے جبکہ پولیس کا کہناہے کہ فریقین پر قتل کی دعویداری ہے۔ ادھرتھانہ حیات آباد کی حدود کمپلیکس ہسپتال کے قریب ایک لاوارث لاش برآمدکرلی گئی ہے جسے پولیس کی نگرانی میں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کردیا گیاجبکہ پوسٹمارٹم کے بعد نعش کو رحمان بابا قبرستان منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق نعش کی شناخت نہ ہوسکی، پولیس نے دونوں واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے۔