پشاور (آن لائن ) ضلع مردان میں شہری و دیہی کونسلوں اور کنٹونمنٹ بورڈ کی ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر و کنوینر حلقہ بندی ضلع مردان محمد بلال نے بتایا کہ یہ حلقہ بندیاں ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے اعداد و شمار کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہیں تاکہ مقامی حکومتوں کے نظام میں آبادی کے تناسب کے مطابق نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔اعلان کے مطابق عوام الناس دفتری اوقات کار کے دوران ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مردان کے دفتر میں جا کر ان ابتدائی حلقہ بندیوں کا معائنہ کر سکتے ہیں۔ شہریوں کو موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ حلقہ بندیوں کا تفصیلی جائزہ لے کر اگر کسی قسم کا اعتراض یا تجویز دینا چاہیں تو باقاعدہ تحریری صورت میں جمع کرا سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق اگر کسی فرد کو ان ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراض ہو تو وہ اپنا تحریری اعتراض 25مارچ 2026 تک حلقہ بندی اتھارٹی یعنی ریجنل الیکشن کمشنر مردان ڈویژن کے دفتر میں جمع کرا سکتا ہے۔ تاہم اعتراض جمع کرانے کے لیے ضروری ہے کہ متعلقہ شخص اسی ویلج کونسل یا نیبرہوڈ کونسل کا رجسٹرڈ ووٹر ہو۔