• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باجوڑ میں خدمت موبائل ہیلتھ یونٹس سے 5,760 افراد مستفید

پشاور(جنگ نیوز)پاکستان ہلالِ احمر نے 3 اکتوبر سے 7 نومبر 2025 کے دوران ضلع باجوڑ میں اپنی موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے 5,760 افراد کو طبی سہولیات فراہم کیں۔ ان میں 2,916 بے گھر افراد اور 2,844 میزبان برادری کے افراد شامل تھے۔ فراہم کی جانے والی خدمات میں بنیادی طبی معائنہ، مفت ادویات کی فراہمی اور ماں و بچے کی صحت کی دیکھ بھال شامل تھی۔"لیبارٹری ٹیسٹ، ادویات اور طبی معائنے مؤثر اور درست طریقے سے کیے گئے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مستقبل میں اس طرح کے مزید کیمپ بھی لگیں کیونکہ یہاں کے بہت سے لوگ ضرورت مند ہیں۔ ہم اس تعاون کے لیے ہلالِ احمر پاکستان، ناروے ریڈ کراس اور یورپی یونین کے شکر گزار ہیں۔محمد خالد خان، رہائشی چارمنگ شریف خان،ابتدائی طبی خدمات کے علاوہ، ہلالِ احمر پاکستان نے 57 صفائی اور حفظانِ صحت آگاہی اجلاس بھی منعقد کیے، جن میں 675 خواتین اور 115 مردوں نے حصہ لیا۔ مزید برآں، 1,244 افراد کو نفسیاتی و سماجی معاونت فراہم کی گئی تاکہ وہ ذہنی دباؤ اور مشکلات کا بہتر طور پر مقابلہ کر سکیں۔یہ سرگرمیاں ہلالِ احمر پاکستان کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہیں، جسے ناروے ریڈ کراس کی معاونت اور یورپی یونین کی مالی مدد سے چلایا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد کمزور اور پسماندہ لوگوں کو صحت کی سہولیات، صاف پانی، حفظانِ صحت کی تعلیم، نفسیاتی معاونت اور نقد امداد فراہم کرنا ہے۔اس منصوبے کا افتتاح 8 اکتوبر 2025 کو گورنر ہاؤس پشاور میں ہوا، جس کی صدارت گورنر خیبرپختونخوا اور صدر ہلالِ احمر پاکستان، جناب فیصل کریم کنڈی نے کی۔
پشاور سے مزید