کولکتہ (جنگ نیوز) ایڈن گارڈنز میں پہلے ٹیسٹ کے افتتاحی روز بھارتی کھلاڑی جسپریت بمراہ اور رشبھ پنت کی جانب سے جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما کی باڈی شیمنگ کی گفتگو اسٹمپ مائیک پر ریکارڈ اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ بمراہ نے ریویو کے دوران مبینہ طور پر کہا’’بونا بھی ہے یہ‘‘، جس پر پنت نے بھی یہی الفاظ دہراتے ہوئے طنز کیا۔ یہ واقعہ آئی سی سی کے آرٹیکل 2.13 کے تحت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتا ہے، جو کھلاڑی، آفیشل یا ریفری کے خلاف توہین آمیز، ناشائستہ یا غیر اخلاقی زبان کے استعمال سے متعلق ہے۔ اگر بمراہ قصور وار ثابت ہوئے تو انہیں 50 سے 100 فیصد میچ فیس کا جرمانہ اور دو میچوں تک معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم اگر یہ ثابت ہو کہ تبصرہ گیند کی اونچائی کے تناظر میں تھا، ذاتی توہین نہیں، تو بمراہ کو ممکنہ ریلیف مل سکتا ہے۔