• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ون ڈے، بابر اعظم کی ناقابل شکست سنچری کے ساتھ واپسی، میچ اور سیریز پاکستان کے نام

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کر کٹ ٹیم نے جنوبی افریقا کے بعد سری لنکا کو ایک روزہ سیریز میں زیر کرلیا، پاکستان نے جمعے کو پنڈی اسٹیڈیم میں مہمان ٹیم کو 8 وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 سے برتری حاصل کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کر لی۔ سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم نے سنچری کا روزہ توڑ دیا، انہوں نے پرانے ساتھی رضوان کے ساتھ مل کر پاکستان کو آسان فتح سے ہمکنار کردیا۔ بابر اعظم نے 2 سال 2 ماہ اور 15 دن بعد انٹرنیشنل سنچری اسکور کی ۔ سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 8وکٹ پر288 رنز اسکور کیے،پاکستان نے جواب میں دو وکٹ پر289 رنز بناکر میچ جیت لیا۔ پاکستان کی کامیابی میں تجربے کار سابق کپتان بابر اعظم نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے ذمے دارانہ اننگز کھیلی، انہوں نےون ڈے میں اپنی 20ویں سنچری مکمل کی وہ101رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،انہوں نے 30اگست2023کو نیپال کے خلاف 151رنز کی اننگز کھیلی تھی، 118گیندوں پر 8چوکوں کی مدد سے یہ اسکور کیا، بابر اعظم نے پاکستان کے جانب سے سب سے زیادہ ون ڈے سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا۔ دوسرے ون ڈے میں سنچری اسکور کرکے بابر اعظم نے سعید انور کا قومی ریکارڈ برابر کیا، سعید انور نے 244 اننگز میں پاکستان کے لیے 20 ون ڈے انٹرنیشنل سنچریاں اسکور کی تھیں۔ بابر اعظم کم سے کم اننگز میں 20 سنچریاں مکمل کرنے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔اس سے قبل جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے 108 اور بھارت کے ویرات کوہلی نے 133 اننگز میں 20 ویں سنچری اسکور کی تھی۔ ان کے ساتھ محمد رضوان51رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے93گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے سے78رنز بنائے،صائم ایوب33رنز بناکر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم نے دوسری وکٹ کے لئے فخر زمان کے ساتھ100 جبکہ محمد رضوان کے ساتھ تیسری وکٹ کے لئے112رنز کی شراکت دی، سری لنکا کی جانب سے دونوں وکٹ دشمنتھا چمیرا نے58رنز کے عوض حاصل کی،قبل ازیں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے جو شاہین کی عدم موجودگی میں قیادت کررہے تھے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز اسکور کیے۔سری لنکا کے جنیتھ لیانگے نے 54 رنز کی اننگز کھیلی، اُن کے علاوہ کمیندو مینڈس نے 44 رنز بنائے، سدیرا سمارا وکرما نے 42 رنز اسکور کیے جبکہ ونندو ہسارانگا 37رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔پاکستان کے ابرار احمد اور حارث رؤف نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا۔ کپتان شاہین آفریدی کو بیماری کی وجہ سے آرام دیا گیا جبکہ فہیم اشرف کو بھی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا، وسیم جونیئر کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔جنہوں نے ایک وکٹ لی۔ تیسرا اور آخری ون ڈے اتوار کو کھیلا جائے گا۔