کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں راؤنڈ کے چوتھے اور آخری دن جمعے کو کراچی بلیوز نے ایبٹ آباد کو 193 رنز سے شکست دے دی۔ فیصل آباد اور اسلام آباد کا میچ ڈرا ہوگیا ۔ راولپنڈی میں 519 رنز کے ہدف کے جواب میں ایبٹ آباد کی ٹیم 325 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ احمد خان 88 ، شہاب خان نے 56 رنز اسکور کیے۔ کاشف بھٹی نے 98 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں 9 وکٹیں لینے پر وہ بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ ایبٹ آباد میں اسلام آباد کو فیصل آباد کے خلاف 449 رنز کا ہدف ملا تھا اس نے کھیل ختم ہونے تک 8 وکٹوں پر 429 رنز بنائے تھے۔ شامل حسین 131، حنین شاہ 66، روحیل نذیر 65 اور ارسل شیخ 62 ناٹ آؤٹ اور عبدالفصیح 57 رنز کے ساتھ دیگر قابل ذکر بیٹرز رہے۔ اویس ظفر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔