• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول انتقال کرگئے

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے ممتاز سرجن، معروف طبی ماہر اور جناح اسپتال کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول جمعہ کے روز حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کی عمر59برس تھی۔ پروفیسر شاہد رسول ملک کے نمایاں سرجنز میں شمار ہوتے تھے، انہیں روبوٹک سرجری میں مقام حاصل تھا، وہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر بھی رہ چکے تھے جبکہ حال ہی میں انہیں رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز گلاسگو میں بطور پاکستان مشیر ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ انہوں نے 1994 میں ڈاؤ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس مکمل کیا اور پھر جناح اسپتال سے وابستہ ہوئے، جہاں انہوں نے پوری زندگی خدمات سرانجام دیں۔ بعدازاں انہوں نے ایف سی پی ایس سرجری میں کیاور رائل کالج آف سرجنز سے اعلیٰ سرجیکل ٹریننگ مکمل کی۔ تقریباً تین دہائیوں کے دوران انہوں نے ہزاروں مریضوں کا علاج کیا، درجنوں نوجوان سرجنز کی پیشہ ورانہ تربیت کی اور جناح اسپتال کی انتظامی بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔ پروفیسر شاہد رسول کی نمازِ جنازہ ہفتے کو نمازِ ظہر کے بعد جناح اسپتال کی مرکزی مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں ہو گی۔ پروفیسر شاہد رسول کے انتقال پر طبی، تعلیمی اور سرکاری حلقوں میں گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر نے اپنے تعزیتی پیغامات میں مرحوم کی طبی، تدریسی اور انتظامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اہم خبریں سے مزید