پشاور(جنگ نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے میئر پشاور حاجی زبیر علی کی جانب سے دائر کردہ توہین عدالت رٹ کی سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، سیکرٹری این سی بی، ڈی جی میٹروپولیٹن اور ڈائریکٹر ایسٹ کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ان سے جواب طلب کر لیا۔ ، میئر پشاور حاجی زبیر علی نے سٹی میٹروپولیٹن گورنمنٹ کو درپیش مسائل ، آئین قانون اور عدالتی فیصلوں کی مبینہ مسلسل خلاف ورزی اور غیر قانونی نوٹیفیکیشن و بلدیاتی نظام میں براہ راست مداخلت اور 8 صوبائی اسمبلی حلقوں کے براہ راست منتخب میئر اور صوبہ بھر کے چیئرمینوں کے اختیارات کو غصب کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پشاور ہائیکورٹ میں دائر کی جس کی سماعت جسٹس سید ارشد علی نے کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شروع سے آج تک صوبہ بھر میں بلدیاتی نظام کو صرف اس لیے ٹارگٹ کیے رکھا گیا کیوں کہ عوام نے پی ٹی آئی کی بجائے دیگر جماعتوں کو اپنا قیمتی ووٹ دیا، عدالت سے کیسز جیتنے کے باوجود منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کو مزید سلب کیا گیا اور عوامی مینڈیٹ کی مسلسل توہین کی گئی اور پاؤں تلے روند دیا گیا، اس غیر آئینی اقدامات اور رویے کے باعث تمام امور ٹھپ ہو کر رہ گئے اور عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہوتا چلا گیا۔ بلدیاتی انتخابات کے ہونے سے لے کر آج کے دن تک صوبائی حکومت کی جانب سے 2019 بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کا معاملہ ہو یا پھر محکمہ بلدیات کی بیوروکریسی کو استعمال کر کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے راستے میں روڑے اٹکانے کی بات ، عوام کے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے گئے۔