پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور یونیورسٹی کے زیر اہتمام جاری آل پاکستان انٹر یونیورسٹیز اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پنجاب یونیورسٹی لاہور اور سنٹرل پنجاب یونیورسٹی کے درمیان کاٹنے کے مقابلے جاری ہیں۔جمعہ کے روز مقابلوں کے موقع پر چیف آرگنائزر ڈائریکٹر یونیورسٹی بحرکرم مہمان خصوصی تھے۔ گذشتہ روز 100 میٹر دوڑ فائنل میں یو سی پی کے عبداللہ بلوچ نے پہلی، واجد علی نے دوسری اور یونیورسٹی آف پنجاب کے عالم علی شیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دو سو میٹر دوڑ میں یو سی پی کے فواد خان پہلے، پنجاب یونیورسٹی کے علی رضا دوسرے اور ابوبکر تیسرے نمبر پر رہے، 1500 میٹر دوڑ میں پنجاب یونیورسٹی کے سمیع اللہ اول، عبداللہ وہاب دوئم اور اسامہ حسن سوئم رہے۔ تین سو میٹر دوڑ میں اسام حسن اول، سمیع اللہ دوئم اور محمد خبیب سوئم رہے۔ 110 میٹر رکاؤٹوں کی دوڑ میں ابوبکر نے پہلی، ثاقب نے دوسری اور حمزہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ لانگ جمپ میں سپریئر یونیورسٹی کے عمار پہلے، یو سی پی کے فرمان خان دوسرے اور محمد عبداللہ تیسرے نمبر پر رہے۔ ہائی جمپ میں ابوبکر نے پہلی، عمار نے دوسری اور محمد احمد خان نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ ڈسکس تھرو میں یو سی پی کے محی الدین نے پہلی، محمد عمر خان نے دوسری اور پشاور یونیورسٹی کے سید کاشف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ شاٹ پٹ میں پشاور یونیورسٹی کے صاحبزادہ کاشف نے پہلی، وسیع اللہ نے دوسری اور شعیب یوسف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ریلے ریس میں سنٹرل پنجاب یونیورسٹی نے پہلی، پنجاب یونیورسٹی نے دوسری اور یونیورسٹی آف لاہور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔