پشاور(جنگ نیوز)پشاور کے سادات خاندان سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی کارکن اور مختلف فلاحی اداروں کے روح رواں سید زاہد حسین شاہ کو حکومت کی جانب سے تمغہ امتیاز کیلئے نامزدگی کے سلسلہ میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی،جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی سماجی، تعلیمی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی، تقریب کامران صدیق کی رہائشگاہ پر ہوئی جہاں معزز مہمانوں نے سید زاہد حسین شاہ کی طویل فلاحی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا،مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید زاہد حسین شاہ برسوں سے پشاور میں غریب اور محروم طبقات کیلئے عملی کام کر رہے ہیں، ان کے زیر نگرانی چلنے والا سکول نادار بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے،تعلیم کے شعبے میں ان کی لگن نے بے شمار بچوں اوربچیوں کی زندگیوں کو نئی سمت دی ہے،اسکے علاوہ طبی مراکزمیں مستحق افراد کو علاج کی سہولیات انتہائی کم لاگت پر دستیاب ہیں، جدید لیبارٹری ٹیسٹوں کی سہولت کیساتھ تجربہ کار ڈاکٹر روزانہ مریضوں کا معائنہ کرتے ہیں، مقررین نے بتایا کہ ان مراکز کی بدولت ایسے خاندان بھی صحت کی سہولیات حاصل کر پا رہے ہیں جو مہنگے علاج کے متحمل نہیں ہو سکتے،شرکاء نے کہا کہ تمغہ امتیاز کیلئے سید زاہد حسین شاہ کی نامزدگی نہ صرف انکی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ پشاور کیلئے بھی باعث فخر ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہر کے دیگر مخیر حضرات بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلاحی کاموں میں حصہ لیں گے،تقریب کے دوران سید زاہد حسین شاہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس عزت افزائی پر وہ اہل پشاور کے مشکور ہیں یہ پذیرائی ان کیلئے مزید حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔