پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایچ ای سی کے اشتراک سے ہونیوالی آل پاکستان انٹر یونیورسٹیز اتھلیٹکس چیمپئن شپ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے 314 پوائنٹس کیساتھ جیت لی، یونیورسٹی آف پنجاب 260 پوائنٹس کیساتھ دوسرے اور سپیریئر یونیورسٹی لاہور 52 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے یونیورسٹیوں کے 250 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب کے موقع پر چیف آرگنائزر اور ڈائریکٹر سپورٹس بحر کرم مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ارشد ستار، سجاد احمد، یحییٰ خان، یونیورسٹیوں کے ڈائریکٹرز سپورٹس اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ آخری روز فائنل پانچ ہزار میٹر دوڑ فائنل میں پنجاب یونیورسٹی کے اسامہ حسن نے پہلی، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے محمد شاہد نے دوسری جبکہ یونیورسٹی آف پنجاب کے سمیع اللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ چار ضرب چار سو میٹر ریلے دوڑ کے فائنل میں یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے پہلی، پنجاب یونیورسٹی نے دوسری اور یونیورسٹی آف لاہور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پشاور یونیو رسٹی کے صاحبزادہ کاشف نے ان مقابلوں میں ڈسکس تھرو میں 15.66 میٹر کیساتھ نیا ریکارڈ قائم کیا اس سے قبل ریکارڈ 14.90 میٹر تھا‘صاحبزادہ کاشف کو بہترین کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی اور ڈائریکٹر سپورٹس بحرکرم نے مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ 100 میٹر دوڑ فائنل میں یو سی پی کے عبداللہ بلوچ نے پہلی، واجد علی نے دوسری اور یونیورسٹی آف پنجاب کے عالم علی شیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دو سو میٹر دوڑ میں یو سی پی کے فواد خان پہلے، پنجاب یونیورسٹی کے علی رضا دوسرے اور ابوبکر تیسرے نمبر پر رہے۔ 1500 میٹر دوڑ میں پنجاب یونیورسٹی کے سمیع اللہ اول‘ عبد اللہ وہاب دوئم اور اسامہ حسن سوئم رہے۔ تین سو میٹر دوڑ میں اسامہ حسن اول‘ سمیع اللہ دوئم اور محمد خبیب سوئم رہے۔ 110میٹر رکاؤٹوں کی دوڑ میں ابوبکر نے پہلی، ثاقب نے دوسری اور حمزہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ لانگ جمپ میں سپریئر یونیورسٹی کے عمار پہلے‘ یو سی پی کے فرمان خان دوسرے اور محمد عبداللہ تیسرے نمبر پر رہے۔ ہائی جمپ میں ابوبکر نے پہلی‘ عمار نے دوسری اور محمد احمد خان نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ ڈسکس تھرو میں یو سی پی کے محی الدین نے پہلی‘ محمد عمر خان نے دوسری اور پشاور یونیورسٹی کے سید کاشف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ شاٹ پٹ میں پشاور یونیورسٹی کے صاحبزادہ کاشف نے پہلی‘ وسیع اللہ نے دوسری اور شعیب یوسف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ریلے ریس میں سنٹرل پنجاب یونیورسٹی نے پہلی، پنجاب یونیورسٹی نے دوسری اور یونیورسٹی آف لاہور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔