• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام وینٹیج کلاسک کار شوکا انعقاد

پشاور(این این آئی)صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ ملک بھر میں ایسے ایونٹس کا انعقاد ہونا چاہیے ۔پشاور ایک پرامن شہر ہے اور گزشتہ16 سالوں سے یہ ایونٹ کا انعقاد ہورہا ہے ۔ یہاں کے کھانے اور ثقافت کافی مشہور ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز پشاورمیں خیبرپختونخواکلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور کلاسک لینڈ روور کے باہمی اشتراک سے منعقدہ 16ویں ونٹیج اینڈ کلاسک کار شو کے انعقادکے موقع پر کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان، ڈائریکٹر ٹورازم محمد علی سید،،کلاسک لینڈ روور کے عاصم درانی اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم کا مزید کہناتھا کہ خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات اور پہاڑی سلسلہ قدرت حسن سے مالا مال ہے ۔شمالی علاقہ جات میں سیاحت کیساتھ ساتھ گندھارا تہذیب کے سب سے زیادہ آثارموجود ہیں۔ میں یہاں پورے ملک سے لوگوں کو پشاور آنے کی دعوت دیتا ہوں۔ تقریب میں مشیر خزانہ مزمل اسلم نے ریلی میں شریک شرکاء میں اعزازی شیلڈ بھی تقسیم کیں۔ ونٹیج اینڈ کلاسک ریلی میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباداورپشاور سمیت مختلف شہروں سے پرانی اورقدیمی گاڑیوں کے شوقین افراد اپنی گاڑیوں سمیت شریک ہوئے۔ جس میں 1934 سے لیکر1980 تک کی 70 سے زائد گاڑیاں شریک ہوئیں۔اس موقع پر روایتی رباب موسیقی اور خٹک ڈانس کی پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔ شو میں مختلف گاڑیوں کیساتھ ساتھ فیمیلز بھی اس ریلی میں موجود تھیں۔ یہ گاڑیاں کراچی سے باراستہ تھر سحرا، مورو، رحیم یارخان، فیصل آباد،صوابی سے ہوتی ہوئی پشاور پہنچیں۔ ونٹیج کار شو میں مرسڈیز، جاگوار فورڈ، شیورلیٹ، منی، وی ڈبلیو، لینڈ روور،مستانک، آسٹن، پورشی، پرانی ویسپا موٹرسائیکلز سمیت دیگرکلاسک گاڑیاں نمائش کیلئے پیش کی گئیں۔کار شو میں ملک کے مختلف شہروں سے قدیم اور کلاسک گاڑیوں کے شوقین افراد اپنی گاڑیوں کے ہمراہ شریک ہوئیں جنہوں نے اس ایونٹ کے انعقاد کو خوب سراہا۔ڈائریکٹر ٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پشاورمیں ریلی اور شو کے انعقاد کا مقصد صوبے خیبرپختونخوا سے امن کا پیغام دینا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ایک مرتبہ پھر پشاور کو پھولوں اور خوشیوں کا شہر بنائیں جیسا کہ پہلے ہوا کرتا تھا۔ کار شو کے دوران سیر و تفریح کیلئے آئی فیمیلزخٹک ڈانس اور روایتی رباب موسیقی سے خوب محظوظ ہوئیں۔
پشاور سے مزید