کراچی( اسٹاف رپورٹر )سی ٹی ڈی نے پولیس مخبر سمیت دو افراد کے قتل میں ملوث کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے مطابق خفیہ اطلاع پر ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم لشکر جھنگوی( حافظ قاسم رشید گروپ ) سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر امین عرف منا اور اس کے تین ساتھیوں عاصم احمد ، زین العابدین اور محمد افروز کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چار تیس بور پستول برآمد کر لئے گئے۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے پاکستان بازار تھانے کی حدود میں پولیس مخبر شہباز خان ولد جاوید خان کو قتل کیا جبکہ عادل حسین کو مخالف فرقے سے تعلق ہونے کی وجہ سے اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود میں فائرنگ کر کے قتل کیا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے مزید افراد کو قتل کرنے کے لئے معلومات اکٹھی کر رکھی تھیں جن کو وہ اجرت، مخبری اور فرقہ وارانہ رنجش کی وجہ سے قتل کرنا چاہتے تھے۔