کراچی (اسٹاف رپورٹر)بجلی چوری کے خلاف مؤثر اور پیشگی اقدامات کے سلسلے میں کے الیکٹرک نے حال ہی میں بن قاسم اور سائٹ ایریا میں بڑے پیمانے پر کنڈا ہٹاؤ آپریشنز کیے، جنہیں مقامی مافیا کی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا یہ آپریشن یار محمد گوٹھ اور سمر گارڈن (بن قاسم) اور باوانی چھالی سینٹرل اسٹور (سائٹ) کے صنعتی علاقے میں کیے گئے۔ کے الیکٹرک اعلامیے کے مطابق ان علاقوں میں کافی طویل عرصے سے نقصانات کی شرح زیادہ رہی ہے اور یہ غیرقانونی کنکشنز شہر کے بجلی کے نظام پر شدید بوجھ کا باعث بنتے ہیں۔مقامی مافیا کی جانب سے آپریشن میں خلل ڈالنے کے باوجود کے۔ الیکٹرک کی ٹیموں نے 1,300 کلوگرام سے زائد غیرقانونی تاریں (کنڈے) ہٹا دیں۔ اس کارروائی کے نتائج نہایت موثر رہے، جس کے تحت ماہانہ تقریباً 120,200 یونٹس کی چوری روکی گئی، جو کہ سالانہ 1,560,000 یونٹس بنتی ہے یہ چوری شدہ یونٹس 120 ملین روپے سے زائد کے مالی نقصان کا باعث بنتے تھے۔ کے الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے کہا کہ "مقامی مافیا کی منظم اور مربوط شمولیت کے باعث یہ آپریشنز انتہائی چیلنجنگ تھے۔ تاہم مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قیمتی معاونت سے یہ کارروائیاں ممکن ہوئیں، جنہوں نے مزاحمت کا مقابلہ کرنے میں ہمارا ساتھ دیا۔