کراچی (اسٹاف رپورٹر)خطے میں بدلتی ہوئی سیاسی و عسکری صورتحال نے بھارتی قیادت کی اصل حقیقت پوری دنیا کے سامنے آشکار کر دی ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے اپنے بیان میں کیاانہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ اس کے غیر ذمہ دارانہ رویّوں، بے بنیاد الزامات اور خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے والی پالیسیوں سے واضح دکھائی دے رہی ہے۔بھارت کی داخلی ناکامیوں، معاشی بدحالی اور عوامی عدم اطمینان سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور پروپیگنڈہ اس کی گھبراہٹ کا ثبوت ہے۔خطے میں امن اور استحکام پاکستان کی اولین ترجیح ہے،جبکہ بھارت مسلسل جنگی جنون، طاقت کے استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذریعے نہ صرف عالمی قوانین پامال کر رہا ہے بلکہ خطے کو خطرات کی نئی دلدل کی طرف دھکیل رہا ہے۔ بلال سلیم قادری نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم تاریخ کی بدترین مثال ہیں،جہاں لاکھوں کشمیری بنیادی حقوق سے محروم کر دیے گئے ہیں اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرنے والا بھارت عملاً فسطائی سوچ کا مرکز بن چکا ہے۔بھارتی قیادت کی بوکھلاہٹ اس حقیقت سے بھی جنم لیتی ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے سامنے کشمیر کا مقدمہ مضبوط دلائل کے ساتھ پیش کرتا آ رہا ہے،جبکہ بھارت کی جانب سے پیش کردہ بیانیہ کمزور اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات،جنگی جنون اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی مسلسل کوششوں کا سختی سے نوٹس لے۔ پاکستان کے عوام اور افواج دفاع وطن کیلئے ہر لمحہ تیار ہیں اور کوئی بھی طاقت پاکستان کو خوف زدہ نہیں کر سکتی۔بھارت کی بوکھلاہٹ اس کی ناکام قیادت اور غیر حقیقت پسندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے، جس کا انجام خود بھارت کیلئے بھی نقصان دہ ثابت ہوگا۔