کراچی (اسٹاف رپورٹر)کلاکوٹ پولیس نے لیاری افشانی گلی میں سبحان علی نامی شہری کو مبینہ طور پرٹارگٹ کرکے قتل کرنے میں ملوث ملزم کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا ،پولیس نے سبحان علی کے قتل کو اندھی گولی لگنے سے ہلاکت کا واقعہ قرار دیا تھا ، تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ تھانے کی حدود لیاری افشانی گلی میں سبحان علی ولد محمد شریف نامی شہری کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا،ابتدائی طور پرایس ایچ او کلاکوٹ آغامشعوق علی کی جانب سے واقعہ کو فائرنگ نہیں حادثاتی بتایا گیا،مقتول کے پیٹ میں لگنے والی گولی کی تصاویر سامنے آنے پرایس ایچ او نے اپنا موقف تبدیل کردیا، ایس ایچ او کلاکوٹ نے واقعہ کو ٹھنڈی گولی کا شاخسانہ بتاکر حقائق چھپانے کی کوشش کی ،اعلی حکام کی جانب سے معاملے کو مشکوک انتہائی حساس قراردیئے جانے کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا اورکیس کی مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی گئیں تو واقعہ ٹارگٹڈ معلوم ہوا،شہری کے قتل میں ملوث دو ملزمان مظہر اور داد محمد عرف استاد مفرورہیں جن کی تلاش جاری ہے، پولیس حکام کے مطابق گرفتارملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ مقتول کو ذاتی رنجش کی بنا پر قتل کیا گیا۔