اسلام آباد (ساجد چوہدری ) ملک بھر میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ مسائل کی وجہ سامنے آگئی،جس میں ملک بھر کی 9ہزار موبائل سائٹس نیٹ ورک دستیابی کے مسائل کا شکار ہیں، طویل لوڈشیڈنگ اور رائٹ آف وے مسائل سمیت تجارتی بجلی کی محدود رسائی، چوری اور تخریب کاری کے واقعات کی وجہ سے نیٹ ورک متاثر ہیں، پی ٹی اے نے گزشتہ 5 سال میں ٹیلی کام کمپنیوں کو 68.9 ملین کے جرمانے کئے ، 11 کیس تاحال عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں، پی ٹی اے دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں سروس کے معیار میں کمی سامنے آئی ہے، جنوری تا جون 2025 تک تمام آپریٹرز نے کال مکمل ہونے کا بینچ مارک پورا کیا، اوسط کال کمپلیشن 99.05 فیصد اور ڈیٹا اسپیڈ 6.73 ایم بی پی ایس رہی، توانائی بحران کے باعث نیٹ ورک دستیابی لائسنس معیار تک نہ پہنچ سکی۔