کراچی(اسٹاف رپورٹر) بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں سے لفٹ لیکر سنسان جگہ پر لیجاکر ساتھیوں کے ساتھ لوٹنے والی خاتون ملزمہ کے 2 ساتھیوں کو پولیس نے مقابلہ کے بعد گرفتار کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق گارڈن تھانے کی حدود گارڈن جھنڈا چوک کے قریب مبینہ طور پر پولیس اور مسلح ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان عابد عباس اور میر کامران سدھانی کوزخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2 پستول بمعہ راؤنڈز اور ایک چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی ،پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان 5 روز قبل ہونے والی موبائل مارکیٹ کے تاجر دانش سے ڈکیتی میں بھی ملوث ہیں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ملزمان کو واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے ،گرفتار ملزمان ابتک بینک سے رقم لیکر نکلنے والے سینکڑوں شہریوں کو لوٹ چکے ہیں گرفتارملزمان کے گروہ میں ایک خاتون بھی شامل ہے جو بینک میں جاکر ریکی کرتی تھی خاتون اکثر اوقات بعد ریکی بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں سے لفٹ مانگتی تھی اوراپنے دیگر ساتھیوں کو پیچھے بلا کرسنسان جگہ پر لوٹ لیتے تھے، گرفتار ملزمان پنجاب کے بھی متعدد شہروں میں بھی ڈکیتی کے کئی مقدمات میں مطلوب رہ چکے ہیں اور عادی جرائم پیشہ ہیں۔