کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان انفررااسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(پی آئی ڈی سی ایل)کے حکام کا کہنا ہے کہ کمپنی کراچی کے لیے پائیدار، بین الاقوامی معیار کے مطابق اور دیرپا ترقیاتی حل فراہم کرنا چاہتی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولتیں میسر آئیں اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہ راست نچلی سطح تک پہنچ سکیں۔پی آئی ڈی سی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم حیات باجوہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے جمعہ کو یہاں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے اہم ملاقات کی۔ وفد میں وفاقی حکومت کے صوبہ سندھ کے ترجمان راجہ خلیق زمان اور چیف انجینئر شفیع چاچڑ بھی شامل تھے۔ملاقات میں کے ایم سی کے متعلقہ افسر بھی موجود تھے۔ وفد نے میئر کو یقین دلایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو درپیش تمام تیکنیکی مسائل، فنی رکاوٹوں اور انفرااسٹرکچر سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ہرممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی قلب ہے ،لہٰذا اس کے مسائل کا حل قومی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔