کراچی (اسٹاف رپورٹر) ریاض اسلامی یکجہتی گیمز رنگا رنگ تقریب میں ختم ہوگئے۔ آخری دن جمعے کو پاکستان نے ریسلنگ میں برانز میڈل جیتا، اختتامی تقریب میں سعودی عرب کی ثقافت پیش کی گئی ، مشعل کو بجھادیا گیا ، ترکیہ نے 155میڈلز کے ساتھ اپنی سبقت ثابت کی، جس میں 72گولڈ، 44 سلور اور39 برانز میڈلز شامل ہیں ۔ پاکستان کے محمد گلزار آخری روز ریسلنگ کے97 کے جی میں برانز میڈل جیتا ۔ پاکستان نے ایک گولڈ، ایک سلور اور تین برانز میڈلز کے ساتھ 24ویں پوزیشن حاصل کی۔ فتح کے بعد گلزار نے اپنا میڈل پاکستان آرمی کے آپریشن ’بنیانِ مرصوص‘ کے نام کرنے کا اعلان کیا۔ مقابلوں کے آخری دن ریسلنگ کے86کے جی میں حیدر بٹ،74 کے جی میں عنایت اللہ ہار گئے، جیو جستو میں 77کے جی میں شاہ زیب شاہ زیب اور52 کے جی میں حمیرا بھی ناکام رہیں۔