ملتان (سٹاف رپورٹر) جمعیت علما ئےاسلام پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ نصیر احمد احرار نے کہا ہے کہ پاکستان کا المیہ ہے کہ چند لوگ ذاتی مفادات کے لیے آ ئین سے کھلواڑ کر رہے ہیں، پرامن احتجاج سب کا حق ہے، قیادت نے جس وقت بھی کال دی، سروں پر کفن باندھ کر نکلیں گے، مدارس اور مساجد کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، آج ضمنی انتخابات میں حکومت نے مخالف امیدواروں کے کاغذات زبردستی واپس کروائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے رشید آباد میں حافظ محمد سعد کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کے دوران کیا، اس موقع پر حافظ محمد سعد، قاری سعید، سعد جالندھری ،مولانا احمد عزیز ، محمد عاصم نے ساتھیوں سمیت جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا، حافظ نصیر احمد احرار نے کہا کہ مہنگائی کے مارے غریب عوام پر پیرا فورس کے ذریعے ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔