• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ صدر دین سب ڈویژن میں آپریشن،135افراد بجلی چوری کرتے پکڑے گئے

ملتان (سٹاف رپورٹر)میپکو، رینجرز اور پولیس کی جوائنٹ ٹیموں نے شاہ صدر دین سب ڈویژن ڈی جی خان کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران135افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔بستی گچبانی میں مشترکہ فورسز پر خطرناک پالتو کتے چھوڑنے، کارسرکار میں مداخلت اور لڑائی جھگڑا کرنے پر ایف آئی آرز درج کروادی گئیں۔ سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن ڈی جی خان سرکل ملک خورشیداحمد اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں ایکسین ڈی جی خان ڈویژن عزیز الرحمن اور ایس ڈی او شاہ صدر دین سب ڈویژن شہبازاحمد بھٹی نے مختلف بستیوں /علاقوں میں جوائنٹ آپریشن کیا۔میپکو، رینجرز اور پولیس کی ٹیموں نے بستی گچبانی میں بجلی چوری کی سرکوبی کے لئے آپریشن کیا جہاں 6افراد ایل ٹی لائنوں سے کنڈی سسٹم کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ بجلی چوروں نے ٹیم سے لڑائی جھگڑا کیا اور کارسرکار میں مداخلت کی جبکہ ٹیم پر خطرناک پالتو کتے چھوڑ دئیے جس سے میپکو اہلکار محمد اسماعیل زخمی ہوگیا۔ بستی کھکھ، نورنگ والا مرہٹہ، پیر عادل، شاہ صدر دین، چاہ کھیر والا، کوٹ دادو، سکھانی والا، دلیل والا، طماچی والا، کلی والا اور کوڑا خان کے علاقوں میں جوائنٹ فورسز نے 30بجلی چوروں کوایل ٹی سے کنڈی سسٹم کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا جبکہ سمندر ی والا، گوچھ گوگاری، جوگی والا، گجانی، چک رائمن، خانن والا، ملوک والا، ملاں والااور شیر ودستی میں 22صارفین کو ایل ٹی لائن سے ڈائریکٹ سپلائی حاصل کرکے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ بجلی چوری میں استعمال ہونے والےتاراُتارکر قبضہ میں لے لئے اور متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج کروادئیے گئے ۔
ملتان سے مزید