جنوبی افریقا میں دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کی تنظیم جی20 کے سربراہی اجلاس کے اختتام پر جی 20 کی صدارت امریکا کے سپرد کر دی گئی۔
جوہانسبرگ سے غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی افریقا کے صدر سائرل راما فوسا نے اجلاس کے اختتام پر اپنے خطاب میں کہا کہ اجلاس میں تمام ذرائع سے موسمیاتی مالیات بڑھانے کی ضرورت کو تسلیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی 20 ممالک کو پائیدار ترقی کی حمایت کے لیے بلاخوف وخطر کام کرنا چاہیے۔
صدر راما فوسا نے کہا کہ جی 20 اعلامیہ کثیرالجہتی تعاون کے عزم کی تجدید ہے، یہ اعلامیہ دنیا کے لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کے عزم کا اظہار ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اعلامیہ تسلیم کرتا ہے کہ ہمارے مشترکہ اہداف اختلافات سے بالاتر ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا نے جی 20 سربراہ اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا، اجلاس میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور دیگر عالمی رہنما شریک ہوئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق رواں برس جی 20 اجلاس کا عنوان یکجہتی، مساوات اور پائیداری تھا۔