کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ میں ریکارڈ سطح پر پاکستانیوں کی اسائلم درخواستیں، گزشتہ سال 10 ہزار افراد نے مختلف قانونی راستوں کے ذریعے ـعارضی ویزا لیکر پناہ حاصل کرنیکی کوشش کی، پاکستان 11 ہزار اسائلم درخواستوں کیساتھ 175 ممالک میں سرفہرست، کنزرویٹو کا کہنا ہے امیگریشن سسٹم کھلے عام غلط استعمال ہو رہا ہے۔ دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت کے نئے اعداد و شمار سے انکشاف ہوا ہے کہ پاکستانی شہری ریکارڈ تعداد میں وزٹ، ورک اور اسٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے برطانیہ میں داخل ہو کر بعد میں اسائلم کے لیے درخواستیں دے رہے ہیں، جہاں گزشتہ سال تقریباً 10 ہزار افراد نے عارضی ویزا لے کر پناہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔ پاکستان 11ہزار سے زائد اسائلم درخواستوں کے ساتھ 175ممالک میں سب سے آگے ہے، جبکہ 2024 میں تمام اسائلم درخواستوں میں سے 37.6فیصد ایسے افراد پر مشتمل تھیں جو قانونی ویزوں پر برطانیہ آئے تھے۔