کراچی (ٹی وی رپورٹ) پنجاب میں قومی اسمبلی کے6اور صوبائی اسمبلی کے 7حلقوں میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے جیو نیوز کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کاروں سہیل وڑائچ، مظہر عباس، شہزاد اقبال اور اعزاز سید نے کہا ہے کہ ہری پور اور لاہور کی نشستیں غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہے۔ اصل امتحان اس صورت میں ہوتا کہ تحریک انصاف پوری قوت کے ساتھ میدان میں ہوتی۔ عوام کی انتخابات میں دلچسپی نہایت کم رہی،تحریکِ انصاف کی بائیکاٹ پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے، جب پلڈاٹ اور فافن کی رپورٹس جاری ہوں گی تو اصل ووٹنگ ٹرن آؤٹ سامنے آئے گا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نےجیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ یہ ایک نہایت اہم الیکشن ہے، جس کے نتائج سے بہت سے لوگوں کو اپنے اندازے درست کرنے اور سیاسی فضا کا بہتر اندازہ لگانے میں مدد ملے گی۔