اجتماع ِ عام کے آخری روز امت مسلمہ اور پاکستان کی ترقی کیلئے عہدو پیمان، بہت بڑے پنڈال میں نظم و نسق کا مظاہرہ، باصلاحیت نوجوانوں میں ایوارڈ زتقسیم، رخصتی کے وقت آبدیدہ ہونے کے مناظر
لاہور(مقصود اعوان) جماعت اسلامی کے تین روزہ ’’بدل دو نظام‘‘اجتماع عام کے آخری روز امت مسلمہ اور پاکستان کی ترقی کیلئے عہدو پیمان،بہت بڑے پنڈال میں نظم و نسق کا مظاہرہ،باصلاحیت نوجوانوں میں ایوارڈز تقسیم،رخصتی کے وقت آبدیدہ ہونے کے مناظر۔ اجتماع کے شرکاء نے ہاتھ بلند کرکے حافظ محمد نعیم سے عہد کیا کہ وہ دین اسلام، امت مسلمہ اور پاکستان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اور ملک میں انصاف اور غریبوں کی بھلائی کیلئے ہمیشہ ثابت قدم رہیں گے۔ حافظ نعیم اپنے خطاب کے دوران کئی بار رُکے، جیسے دل بھر آیا ہو، انہوں نے عوام کے مسائل پر بات کی، نظام میں خامیوں پر بات کی، بے روزگاری ، مہنگائی اور مجموعی ملکی صورتحال پر بات کی اس دوران یوں معلوم ہوتا تھا کہ وہ نظام اور طرز حکمرانی سے مایوس ہیں۔حافظ نعیم نے اجتماع کے مثالی انتظامات پر لیاقت بلوچ ،امیرالعظیم اور دیگر رہنمائوں کو مبارکباد دی ، پنڈال میں موجود مردو خواتین نے اِس پر بھی زبردست داد دی۔ حافظ نعیم اجتماع کے تیسرے روزہونیوالی کارروائی کے دوران پنڈال میں موجود دور دراز سے آنیوالے شرکاء سے ملاقاتیں کرتے رہے۔اجتماع کیلئے قائم کردہ کمیٹیوں اور کارکنان میں زبردست نظم و نسق دیکھنے کو ملا۔ اختتامی سیشن کے دوران کئی بار رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ دوسرے صوبوں اورشہروں سے آنیوالے شرکاء روانگی کی تیاری کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ اجتماعِ عام کے دوران نیشنل یوتھ ایکسیلینس ایوارڈز کی خصوصی تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کو اعزازات سے نوازا گیا، ایوارڈ شو کا مقصد پاکستان کی نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کرنا اور باصلاحیت چہروں کو سامنے لانا تھا۔