کراچی (ٹی وی رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن، نظام کیلئے ایک ”ویک اپ کال“ ہے۔ بائیکاٹ کے بعد انتہائی کم ٹرن آؤٹ مہذب ملک میں قابلِ قبول نہیں ہوتا۔ انہوں نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ریکارڈ کم ٹرن آؤٹ پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ آج پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ صوبے کی تاریخ میں اس قدر کم ٹرن آؤٹ کبھی دیکھنے میں نہیں آیا، جو واضح طور پر عوام کے سیاسی نظا م پر عدم اعتماد کی نشاندہی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کو آزاد، منصفانہ اور شفاف بنانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔