• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرائمری اسکول ہیڈ ماسٹر جنسی ہراسانی کے الزام میں معطل

کراچی(سید محمد عسکری) محکمۂ تعلیمِ اسکول ایجوکیشن (ایلیمنٹری، سیکنڈری و ہائر سیکنڈری) کراچی ریجن نے ایک پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر مشتاق احمد ولد اکبر گل کو مبینہ جنسی ہراسانی ، بدسلوکی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں معطل کر دیا ہے۔ ڈائریکٹر اسکول ارشد بیگ مرزا کے حکم نامے کے مطابق 13نومبر کو تشکیل دی گئی تحقیقات کمیٹی نے 17نومبر کو ہونے والی سماعت میں خواتین اساتذہ کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریری شہادتوں کی بنیاد پر اپنی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ الزامات، اگر ثابت ہو جائیں، تو پیشہ ورانہ اخلاقیات اور بچوں و خواتین کے تحفظ سے متعلق قوانین جن میں سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی ایکٹ 2011اور پروٹیکشن اگینسٹ ہراسمنٹ آف وومن اٹ ورک پلیس ایکٹ 2010شامل ہیں کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ الزامات کی حساس نوعیت اور شواہد کے پیشِ نظر محفوظ تعلیمی ماحول برقرار رکھنے اور گواہوں کو کسی ممکنہ دباؤ سے بچانے کے لیے متعلقہ افسر کو فوری طور پر موجودہ عہدے سے ہٹانا ضروری ہے۔اسی بنا پر مشتاق احمد ولد اکبر گل — پرائمری اسکول ٹیچر (PST) اور انچارج ہیڈ ماسٹر، جی بی ایس ایس/جی بی ای ایس بسم اللہ مبارک، مومن آباد، ضلع ویسٹ کو سندھ سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 1973 کے رول 5(1) کے تحت فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ معطلی کی مدت کے دوران ان کا ہیڈکوارٹر ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کراچی ریجن مقرر کیا گیا ہے، اور انہیں متعلقہ اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر اسٹیشن چھوڑنے سے منع کیا گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید