کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے کہا ہے کہ متحدہ نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کا کردار ادا کیا، صدر کے استثناء کے حق میں ووٹ ڈال کر اسکی مخالفت ڈھونگ ہے۔ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیانات دونوں کی مشترکہ حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے ضلع وسطی کی نئی نامزد کردہ زونل کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے دونوں جماعتیں 27ویں ترمیم میں عوامی مفادات کا قتل کرکے ذاتی مفادات اور مراعات حاصل کرنے کے گھناؤنے عمل سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہیں، دونوں جماعتیں اشتعال انگیز اور متعصبانہ بیانات دے کر ایک دوسرے کا سہارا بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ336کے ایوان میں متحدہ کے 22ووٹ فیصلہ کن حیثیت رکھتے تھے۔