• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پی ایس پی کا 58 واں کانووکیشن، 212 سے زائد سپیشلسٹس کو ڈگریاں تفویض

ملتان (سٹاف رپورٹر ) کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کے زیرِ اہتمام 58ویں کانووکیشن کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں 174 فیلوز اور 38 ممبرز کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، کانووکیشن میں سابق وائس پریزیڈنٹ سی پی ایس پی اور چیئرمین راشد لطیف خان یونیورسٹی پروفیسر راشد لطیف خان مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ پروفیسر ہارون خورشید پاشاہ اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر مہناز خاکوانی نے گیسٹ آف آنر کے طور پر شرکت کی ،ریجنل ڈائریکٹر سی پی ایس پی ملتان پروفیسر غلام مجتبیٰ نے فیلوز سے حلف لیا ، استقبالیہ خطاب میں صدر سی پی ایس پی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے مہمانانِ خصوصی کا خیرمقدم کیا اور فیلوز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن اُن کی طویل محنت کا ثمر ہے ،انہوں نے بتایا کہ سی پی ایس پی کے پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کو برطانیہ، آئرلینڈ، مڈل ایسٹ اور جنوبی ایشیا کے ممالک میں تسلیم کیا جا چکا ہے، جو ادارے کی بین الاقوامی ساکھ کا منہ بولتا ثبوت ہے ،ان کا کہنا تھا کہ سی پی ایس پی کا مقصد عوام کو اُن کی دہلیز پر سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی سہولت فراہم کرنا ہے، وائس چانسلر پروفیسر مہناز خاکوانی نے اپنے خطاب میں سی پی ایس پی کے معیار، شفافیت اور تربیتی نظام کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے فیلوز پاکستان کے صحت کے نظام میں ایک نئی توانائی شامل کریں گے، سابق کونسلر پروفیسر ہارون خورشید پاشاہ نے فیلوز، ان کے والدین اور سی پی ایس پی کی قیادت کو اس تاریخی دن پر مبارک باد دی، مہمانِ خصوصی پروفیسر راشد لطیف خان نے سی پی ایس پی کی قومی و بین الاقوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ اعلیٰ طبی تعلیم کا معتبر ترین ستون ہے ، اختتام پر صدر سی پی ایس پی پروفیسر خالد مسعود گوندل اور سینئر نائب صدر پروفیسر محمد شعیب شفیع نے فیلوز کو ڈگریاں تفویض کیں۔
ملتان سے مزید