امریکی وزارت خارجہ کی اردو ترجمان مارگریٹ میکلاؤڈ کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس جنگ بندی میں صرف امریکا نہیں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک نے بھی کردار ادا کیا ہے، ستمبر میں سربراہی اجلاس میں صدر ٹرمپ سمیت پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے تھے۔
جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے مارگریٹ میکلاؤڈ نے کہا کہ سربراہی اجلاس میں صدر ٹرمپ کی قیادت میں بورڈ آف پیس قائم ہوا، یہ بورڈ امن کی بنیاد بنے گا، بورڈ میں فلسطینیوں کے علاوہ ماہرین کی کمیٹی ہوگی، جو امداد پہنچانے کے علاوہ دہشت گردی کا انفرااسٹرکچر ختم کرے گی۔
مارگریٹ میکلاؤڈ نے کہا کہ حماس، فلسطینوں کی نمائندگی نہیں کرتی انہوں نے لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا، سربراہی اجلاس کی قرارداد غزہ میں امن کا ڈھانچہ مہیا کرے گی، امید ہے کہ پاکستان سمیت دیگر خاص قابلیت اور وسائل والے ممالک امن کے قیام کیلئے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو کیلئے عالمی بینک کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں، غزہ میں فوری ضروریات کی فراہمی اور دیرپا تعمیر نو کیلئے منصوبے زیر غور ہیں۔