کراچی (اسٹاف رپورٹر) اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ انجری کے بعد گولڈ میڈل لینا مشکل ہوسکتا ہے مگر میں نے ہمت نہیں ہاری، کامیابی پر اللّٰہ کا شکر گزار ہوں۔ ریاض میں اسلامک یکجہتی گیمز میں جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم اور سلور میڈلسٹ یاسر سلطان وطن واپس پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر دونوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ارشد کا کہنا ہے کہ ورلڈ اتھلیٹکس میں میڈل نہ جیتنے کا افسوس ہے۔ ایونٹ میں چاندی کا تمغہ پانے والے یاسرسلطان نے حکام سے عالمی معیار کے جیولن فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ یاد رہے کہ اسلامک یکجہتی گیمز میں ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی تھرو کے ساتھ طلائی جب کہ یاسر سلطان نے 76.04 میٹر کی تھرو پھینک کر چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔