کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز نے ای وائی کی ویلیوایشن کے بعد پی ایس ایل کیساتھ مزید دس سال کیلئے معاہدہ کی تجدید کر دی ہے۔ چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ معاہدے کی تجدید پی ایس ایل پر اعتماد کا ثبوت ہے، قلندرز کے مالکان نے اپنی فرنچائز کو عالمی برانڈ بنا دیا۔ قلندز کے علاہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے معاہدے کی اگلے 10 سال کیلئے تجدید کردی ہے۔ سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیرنے کہا کہ پی ایس ایل 11ویں ایڈیشن سے آٹھ ٹیموں تک بڑھ جائے گا، لاہور قلندرز کی ٹیلنٹ نرسری نے پاکستان کرکٹ کو نیا خون دیا، شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں چار سال میں تین ٹائٹل لاہور قلندرز کے نام کیے۔ واضح رہے کہ دس سال مکمل ہونے کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ نے ملتان سلطانز کے علاوہ تمام فرنچائز کو نئے معاہدوں کی پیشکش کی تھی۔ پیر کو اسلام آباد میں لاہور قلندرز نے اپنے 10 سال مکمل ہونے کا جشن منایا۔ قلندرز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی نئی پیشکش قبول کر لی ہے، آزاد آڈٹ فرم ای اینڈ وائی کی جانب سے حالیہ ویلیوایشن میں لاہور قلندرز کو مجموعی کارکردگی اور تنظیمی مضبوطی کی بنیاد پر پی ایس ایل کی سب سے قیمتی فرنچائز قرار دیا گیا۔ گزشتہ چار سیزنز میں تین پی ایس ایل ٹائٹلز جیت کر لاہور قلندرز نے میدان کے اندر اور باہر اپنی برتری ثابت کی ہے۔ 10 سالہ تقریبات میں قلندرز فیملی کے ساتھ شاہین آفریدی، فخر زمان، سلمان مرزا اور حارث رؤف نے شرکت کی۔ ایم ڈی زمبابوے کرکٹ گو مور ماکونی اور زمبابوے کرکٹ ٹیم کے ساتھ خصوصی لنچ اور ٹرافی تقریب بھی منعقد کی گئی ۔ زمبابوے کے کپتان سکندر رضا جو ”قلندرز کا سکندر“ کے نام سے جانے جاتے ہیں ، اس شراکت داری میں مرکزی کردار رہے ہیں۔ سری لنکن اسٹارز بھنوکا راج پاکسے اور کوشل پریرا نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب میں لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کی توسیع کا اعلان بھی شامل تھا، جو کپیٹل اسمارٹ سٹی اسلام آباد کے ساتھ شراکت میں، زاہد رفیق گروپ کے پروجیکٹ کے تحت بنایا جا رہا ہے۔ لاہور اور کراچی میں کامیاب قیام کے بعد یہ پاکستان میں فرنچائز کا تیسرا ہائی پرفارمنس سینٹر ہوگا۔ عاطف نعیم رانا، اونر و سی ای او، لاہور قلندرز نے کہا کہ چار سال میں تین ٹائٹلز جیتنا، نوجوانوں میں سرمایہ کاری کرنا، اور عالمی پارٹنرشپس قائم کرنا ہے، یہ سب اس فرنچائز کی پہچان ہے۔ سی او او ثمین رانا، نے کہا کہ آزاد ویلیوایشن نے جس طرح ہماری مجموعی مضبوطی کو تسلیم کیا، وہ ان سسٹمز کی کامیابی کا ثبوت ہے جو ہم نے کھڑے کیے ، ہماری خواہش پہلے سے زیادہ بلند اور ہماری ذمہ داری پہلے سے زیادہ بڑی ہے۔ دریں اثنا پی سی بی نے کہا کہ پشاور زلمی نے بھی پی ایس ایل کیساتھ فرنچائز معاہدے کی 10 سال کیلئے تجدید کردی ہے ۔ چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ جاوید آفریدی کا وژن زلمی اور پی ایس ایل دونوں کیلئے مضبوط اساس ہے، سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل کی ترقی میں جاوید آفریدی کا کلیدی کردار رہا ہے۔دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فرنچائز ملکیت میں بھی دس سال کی توسیع کردی گئی۔ پی ایس ایل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کر دی۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے معاہدے کی تجدید پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کی پی ایس ایل کیلئے خدمات قابلِ ستائش ہیں، سلمان نصیر نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ شراکت مزید مضبوط ہوگی۔