کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا نے ہوئے گوہاٹی ٹیسٹ پر گرفت مضبوط کر لی ۔ مارکو جینسن ون مین آرمی بن گئے۔ عمدہ بیٹنگ کے بعد تباہ کن بولنگ سے بھارت کو نڈھال کردیا۔ پیر کو تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر جنوبی افریقا نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے26رنز بنائے تھے اور اس کی مجموعی برتری 314رنز کی ہوگئی ہے۔ اس نے میزبان کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کی ترجیح دی۔ اس سے قبل پروٹیز کے 489کے جواب میں بھارتی ٹیم 201 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ جیسوال58اور واشنگٹن سندر48رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فاسٹ بولر مارکو جینسن نے 48 رنز دے چھ اور سائمن ہارمر نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ایڈم مارکرم نے پانچ کیچ لئے ، ایک کیچ ناقابل یقین تھا۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے گریم اسمتھ کے بعد جنوبی افریقا کے دوسرے فیلڈر ہیں۔