• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوست میں پاکستانی بمباری، 10 افراد مارے گئے، افغان طالبان کا الزام

کابل (نیوزڈیسک )افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے الزام عائد کیاہے کہ پاکستان نے صوبہ خوست میں ایک گھر پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 10 بچے اور خواتین ہلاک ہوئے ہیں جبکہ کنڑ اور پکتیکا میں ہونے والے فضائی حملوں میں مزید چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں انہوں نے پاکستان پر افغانستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکتیکا، خوست اور کنڑ میں فضائی حملوں کا الزام لگایا اور کہا کہ غلط معلومات کی بنیاد پر کارروائی سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی ہے اور رسوائی کے سوا کوئی نتیجہ سامنے نہیں آتا۔اپنے بیان میں ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ پکتیکا، خوست اور کنڑ میں کیے گئے فضائی حملے نہ صرف افغانستان کی خودمختاری اور فضائی حدود کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اصولوں اور قوانین سے بھی کھلا انحراف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج کی اس نوعیت کی جارحیت سے انہیں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی‘ افغانستان اپنی فضائی و زمینی حدود اور اپنے قوم کے دفاع کو اپنا شرعی حق سمجھتا ہے اور مناسب وقت پر اس کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید