کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کےسینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بلدیاتی اداروں کو سب سے زیادہ بااختیار پیپلز پارٹی نے بنایا ہے۔ اگر ایم کیو ایم والے زیادہ شور مچاتے ہیں تو ہم لاہور کا مقامی حکومتوں کا نظام کراچی میں لانے کو تیار ہیں۔ شرجیل میمن نے ایک بیان میں کہا کہ بلدیاتی نظام کے لئے پنجاب کی مثال دی جارہی ہے جہاں ابھی تک بلدیاتی انتخابات ہی نہیں ہوئے ہیں۔ کراچی سندھ کا دل اور ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ مجموعی طور پر اربوں روپے کا سرمایہ شہری انفرااسٹرکچر اور بنیادی سہولتوں میں لگایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں شہری سہولتوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھرپور کام کر رہی ہے، رکاوٹ ڈالنے کی کوششیں ناکام رہیں گی۔