کراچی (نیوز ڈیسک) دبئی میں گم شدہ اور ترک شدہ املاک کا نیا قانون نافذ، تین سال کے اندر فروخت شدہ ملکیت کی قیمت کا دعویٰ ممکن، تلاش کنندگان کو انعام یا تعریف نامہ ملے گا۔ دبئی میں نئے قانون کے تحت گم شدہ یا ترک شدہ املاک کے مالکان کے حقوق محفوظ ہیں، جس کے تحت وہ اپنی گم شدہ چیز کو تلف ہونے سے پہلے واپس حاصل کر سکتے ہیں اور اگر اتھارٹیز نے اسے فروخت کر دیا ہو تو تین سال کے اندر اس کی قیمت کا دعویٰ بھی کر سکتے ہیں۔ اگر متعدد افراد ملکیت کا دعویٰ کریں تو حتمی عدالت کے فیصلے کے مطابق مالک کو دی جائے گی، تین سال کے بعد بغیر جواز کسی دعوے کی اجازت نہیں۔ مالک کو ملکیت یا اس کی قیمت واپس حاصل کرنے کے لیے ذخیرہ اور اشتہار کی لاگت خود برداشت کرنی ہوگی۔ اس قانون کے تحت گم شدہ یا ترک شدہ املاک پولیس کو جمع کرانے کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے اور تلاش کنندگان کو تعریف نامہ یا ملکیت کی قیمت کے 10 فیصد تک مالی انعام، زیادہ سے زیادہ 50,000 درہم تک، دیا جا سکتا ہے۔