کراچی (نیوز ڈیسک) اپنی محبت کے لیے پیدل بھارتی سرحد عبور کرنے والا پریمی جوڑا گرفتار، دونوں اپنے خاندانوں کی جانب سے شادی کی مخالفت پر فرار ہوئے، یہ دو ماہ میں سرحد پر دوسرا ایسا واقعہ ہے۔ بھاری میڈیا کے مطابق 24 سالہ پاکستانی نوجوان پاپٹ اور 20 سالہ گوری اپنے خاندانوں کی مخالفت کے باوجود شادی کے لیے فرار ہو کر گجرات کے ضلع کچ میں پیدل بھارت پاکستان سرحد تک پہنچ گئے، جہاں بارڈر سیکیورٹی فورس (BSF) کے اہلکاروں نے انہیں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق جوڑا پاکستان کے اپنے گاؤں سے اتوار کی رات روانہ ہوا اور سرحد تک 8 کلومیٹر پیدل طے کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں جوڑے نے بتایا کہ وہ اس لیے فرار ہوئے کیونکہ ان کے خاندان ان کی شادی کے خلاف تھے۔ متعلقہ حکام مزید تحقیقات کریں گے اور ایف آئی آر ابھی درج نہیں کی گئی۔ پولیس کے مطابق یہ دو ماہ میں سرحد پر دوسرا ایسا واقعہ ہے، جس سے پہلے 8 اکتوبر کو دو افراد اسی طرح گرفتار ہوئے تھے۔