کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ محنت کشوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا،جی ایس پی پلس کی سہولت پاکستان کی برآمدات، پائیدار ترقی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے،وزیر اعلیٰ سندھ منگل کے یورپی یونین کے مانیٹرنگ مشن کا کراچی آمد پر خیرمقدم کیا جو کہ جی ایس پی پلس اسکیم کے پانچویں دو سالہ جائزے کے سلسلے میں دورہ کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انسانی حقوق، محنت کشوں کے حقوق، بہتر طرزِ حکمرانی، ماحولیاتی تحفظ اور سماجی ترقی کے لئے سندھ حکومت کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔یورپی یونین کے سات رکنی وفد کی قیادت مسٹر سرجیوعو بلیبریا، ایڈوائزر برائے جی ایس پی پلس ڈائریکٹوریٹ، ڈائریکٹوریٹ جنرل ٹریڈ نے کی۔ وفاقی سیکریٹری تجارت جوڈ پال نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ سندھ کی جانب سے صوبائی وزراء سعید غنی اور سید ضیاء الحسن لنجار، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، سیکریٹری برائے وزیراعلیٰ عبدالرحیم شیخ، سیکریٹری قانون احمد علی بلوچ، سیکریٹری انسانی حقوق خالد چچڑ اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔