• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں نئی جامعات اور تحقیقی اداروں کے قیام کیلئے 40 کروڑ روپے مختص

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی حکومت نے ملک میں نئی جامعات اور تحقیقاتی اداروں کے قیام کے لئے 40 کروڑ روپے مختص کر دیئے ہیں تاکہ تعلیمی مواقع میں اضافہ ہو اور مستقبل کی تکنیکی ترقی کے لئے مضبوط بنیاد رکھی جا سکے۔دستاویزات کے مطابق ، مالی سال 2025-26 میں مختص کئے گئے 400 ملین روپے ایک سرکاری شعبے کی یونیورسٹی کے قیام (ضلع مظفرگڑھ)، انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (راجن پور)، انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن کے کراچی کیمپس اور این سی اے کراچی کیمپس کے قیام پر خرچ کئے جائیں گے۔بجٹ تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ ضلع میں سرکاری یونیورسٹی کے لئے 150 ملین روپے، راجن پور میں انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے لیے 50 ملین روپے، کراچی میں انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن کے کیمپس کے قیام کے لئے 100 ملین روپے، اور این سی اے کراچی کیمپس کے لئے 100 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ وفاقی حکومت نے کچھ دیگر اقدامات بھی کئے ہیں۔ اسلام آباد میں ڈینش یونیورسٹی آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے قیام کا منصوبہ انہی اقدامات میں سے ایک ہے۔ وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اس منصوبے کی نگران ہے ،جبکہ اس کا چارٹر/ایکٹ تیار کرنے سمیت دیگر معاملات زیرِ غور ہیں۔اسی طرح اسلام آباد میں کنگ حمد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کے قیام کا منصوبہ بھی جاری ہے ،جس کی نگرانی وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈی نیشن کر رہی ہے، اس کے معاملات آئندہ چند ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
اہم خبریں سے مزید