• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، موسم سرما کی بارش، بے گھر فلسطینیوں کے خیمے سیلاب کی نذر

غزہ (نیوز ڈیسک)غزہ میں موسم سرما کی  بارشوں  سے فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ، بے گھر فلسطینیوں کے خیمے سیلاب  کی نذر ہوگئے ، لاکھوں فلسطینی  گیلے خیموں میں رہائش پر مجبور ، غزہ میں موسم سرما کی بارش کے بعد اسرائیلی جنگ سے تباہ حال فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں موسم سرما کی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بارش کا پانی بے گھر فلسطینیوں کے خیموں اور اسپتالوں میں داخل ہوگیا۔اسرائیل نے خیمے اور دیگر امدادی سامان کی غزہ آمد پھر روکی ہوئی ہے جس کی وجہ سے بڑھتی سردی اور بارش کی وجہ سے فلسطینی گیلے خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔دوسری جانب  غزہ میں اجتماعی اور منظم  قتل عام میں ملوث اسرائیلی حمایت یافتہ  متنازعی امریکی  امدادی تنظیم غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن نے غزہ میں اپنا آپریشن بند کردیا ہے ، حماس کا کہنا ہے کہ  غزہ  میں قتل عام میں ملوث جی ایس ایف پر مقدمہ چلایا جانا چاہئے ۔ ادھر حماس نے ایک اور اسرائیلی قیدی  کی باقیات اسرائیل کے حوالے کر دی ہیں تاہم حماس کا کہنا ہے کہ  اسرائیلی حملوں کے پیش نظر باقی قیدیوں کی لاشیں ڈھونڈنے میں انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔  دریں اثناء  مصری ریاست سے منسلک القاہرہ نیوز ٹی وی نے منگل کو کہا کہ قاہرہ حکومت نے جنگ بندی کے معاہدے کے ثالثوں اور ضامنوں کے لیے ایک فالو اپ میٹنگ کی میزبانی کی۔چینل نے کہا کہ اس میں مصر کے انٹیلیجنس کے سربراہ، قطری وزیرِ اعظم اور ترک  انٹیلیجنس کے سربراہ نے شرکت کی، تاہم یہ نہیں بتایا کہ یہ ملاقات کب ہوئی ۔القاہرہ نے رپورٹ کیا کہ انہوں نے جنگ کے بعد غزہ کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی منصوبے پر عمل درآمد کرنے اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سمیت چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا تاکہ اس (جنگ بندی) کی مضبوطی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید