واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکی حکومت کی نجی فرموں سے حصص خریداری، 10 ارب ڈالر سے زیادہ مختص، اسٹیل، معدنیات، سیمی کنڈکٹر اور توانائی کمپنیوں میں تیزی سے انویسٹمنٹ، مقصد چین کا مقابلہ اور صنعتی بنیاد کی مضبوطی ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے قومی سلامتی کے تناظر میں نجی کمپنیوں میں چھوٹے مگر اہم حصص خریدنے کی حکمتِ عملی اپنا لی ہے۔ اس تجزیے کے مطابق حکومت نے اب تک کم از کم 9 ایسی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی ہے جن کا تعلق اسٹیل، معدنیات، نیوکلیئر انر جی اور سیمی کنڈکٹرز کی صنعتوں سے ہے۔ یہ لین دین عموماً گزشتہ چھ ماہ کے اندر ہوئی ہیں، جن میں اکتوبر اور نومبر کے ماہ میں سب سے زیادہ سرگرمی دیکھی گئی۔ اس نئے اقدام کے تحت حکومتی فنڈز سے دس ارب امریکی ڈالر سے زائد رقم مختص کی جا چکی ہے اور اس میں سست روی کے آثار نہیں نظر آ رہے۔ حکومت کے اس اقدام کا مقصد ان کمپنیوں میں حصہ حاصل کرنا ہے جنہیں امریکا کی “اہم صنعتی بنیادیں” قرار دیا گیا ہے۔