لاہور(اپنے نامہ نگار سے) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر "پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور" کی استعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی ضمن میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں سول ڈیفنس رضاکاروں کے 10 ویں بیچ کے تربیتی کورس میں شرکت کی اور معیار کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری ڈیفنس پلاننگ عائشہ ممتاز اور ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب تسنیم علی خاں بھی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ سول ڈیفنس رضاکاروں کیلئے بیسک لائف سپورٹ تربیت کا اہتمام کر رہا ہے جہاں انہیں قدرتی آفات، حادثات یا بیماری کی صورت میں انسانی جان بچانے کیلئے بنیادی تربیت دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ قوم کی خدمت کا جذبہ لیے 250,000 سے زائد شہریوں نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے۔ مردوں کے شانہ بشانہ خواتین بھی رجسٹریشن کروا رہی ہیں اور اب تک 165,000 سے زائد مرد جبکہ 85,000 سے زائد خواتین نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے۔