کراچی ، اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ، اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے اٹھائے گئے نکات پر ایکشن ہوگا، گورننس اور کرپشن رپورٹ کےمسائل حل کرینگے، انشا اللہ فنڈ کے ساتھ معاہدے پر پہنچ جائیں گے، آئی ایم ایف بورڈ کے آئندہ فیصلے آگے کا راستہ دکھائیں گے،ا سٹیٹ بینک نے سابق و موجودہ ارکان پارلیمنٹ میں سے کسی کے اکائونٹ بلاک کرنے کے حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں، کسی بھی پارلیمنٹیرین کا اکائونٹ بلاک یا اوپن نہیں کیا جارہا ہے اگر ایسا ہوا ہے تو تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کردیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیونیوز سے گفتگو اورسینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی تمام خامیوں کو دور کرے گا ، اجاگر کئے گئے مسائل کو حل کرنے کے لے اقدامات کرے گا۔وزیر خزانہ نے جمعرات کو جیو نیوز کو بتایایہ وہ نکات ہیں جن کی آئی ایم ایف نے نشاندہی کی ہے جن پر کارروائی کی ضرورت ہے، اور ہم انہیں حل کرنے کے لیے کام کریں گے۔"انہوں نے مزید کہا: "انشاء اللہ، آئی ایم ایف کے ساتھ ایک معاہدہ طے پائے گا، گورننس اور کرپشن رپورٹ کے مسائل حل کریں گے ، آئی ایم ایف بورڈ کے آئندہ فیصلے آگے کا راستہ دکھائیں گے۔جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر جان محمد کے توجہ مبذول کرانے کے نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ا سٹیٹ بینک نے سابق و موجودہ ارکان پارلیمنٹ میں سے کسی کے اکائونٹ بلاک کرنے کے حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں، ارکان پارلیمنٹ کے اکائونٹس سے متعلق مسائل کے حل کے لئے بینکوں میں فوکل پرسنز تعینات کئے گئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ جولائی 2019 میں سیاسی شخصیات کے اکائونٹس سے متعلق سرکلر جاری کیاگیا ۔ اسٹیٹ بینک نے سابق و موجودہ ارکان پارلیمنٹ میں سے کسی کے اکائونٹ بلاک کرنے کے حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔ ارکان پارلیمنٹ کے اکائونٹس کے معاملے پر اسٹیٹ بینک نے ایک فوکل پرسن تعینات کیا ہے۔