کراچی( افضل ندیم ڈوگر)سندھ کے سینئر پولیس افسر عرفان بلوچ کو آئی جی آزاد کشمیر تعینات کرنے کی سفارش ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے بعد پیپلز پارٹی کی جانب سے آزاد کشمیر کے نئے انسپکٹر جنرل پولیس کی تقرری کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سندھ کے 2 پولیس افسران دوڑ میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے نئے آئی جی آزاد کشمیر کیلئے وفاقی حکومت کو سندھ پولیس کے سینئر افسر عرفان علی بلوچ کے نام کی سفارش کی ہے۔ پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 20 کے افسر عرفان علی بلوچ ان دنوں کراچی کے ویسٹ زون کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس تعینات ہیں۔ شکارپور سے تعلق رکھنے والے عرفان علی بلوچ بدامنی کے مخصوص حالات پر قابو پانے میں "ماہر" سمجھے جاتے ہیں۔ عرفان علی بلوچ کراچی کے ساؤتھ زون میں بھی ڈی ائی جی تعینات رہے ہیں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس حیدرآباد تعیناتی کے دوران عرفان علی بلوچ نے بدامنی اور اسٹریٹ کرائم پر مخصوص انداز میں قابو پاکر شہرت حاصل کی تھی۔