کراچی (نیوز ڈیسک) نیپال نے کرنسی نوٹ پر متنازع بھارتی سرحدی علاقے شامل کرکے جھگڑا دوبارہ چھیڑ دیا۔ کلیپانی، لیپو لیکھ اور لمبی یا دھورا کو شامل کیا گیا، 2020میں بھی اس اقدام پر تنازع پیدا ہوگیا تھا۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق نیپال کے مرکزی بینک نے جمعرات کو نئے ڈیزائن شدہ 100 روپے کے نوٹ جاری کیے جن پر وہ نیا قومی نقشہ شامل ہے جس میں کلیپانی، لیپو لیکھ اور لمبی یا دھورا جیسے وہ علاقے دکھائے گئے ہیں جن پر بھارت اپنا دعویٰ کرتا ہے، اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان 2020 کا سرحدی تنازع ایک بار پھر تازہ ہوگیا ہے۔ بھارت نے پہلے بھی نیپال کے نقشے میں کی گئی تبدیلیوں کو یکطرفہ اور “مصنوعی توسیع” قرار دیتے ہوئے مسترد کیا تھا، جبکہ نیپال کا مؤقف ہے کہ یہ علاقے دھارچلا ریجن کا حصہ ہیں۔