اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے نئے سفیر سالم ایم سالم البواب الزابی نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کوپاکستانی شہریوں کے لئے یو اے ای حکومت کی اہم ویزا سہولت اصلاحات پر بریفنگ دی، انہوں نے پاکستانیوں کو ویزے نہ دیئے جانے کی رپورٹ مستردکرتے ہوئے بتایا کہ روزانہ تقریباً 500 ویزے پروسیس ہو رہے ہیں اور آن لائن ویزا پروسیسنگ، پاسپورٹ پر اسٹیمپنگ کے بغیر ای ویزا اور پاکستانی اداروں کے ساتھ بہتر سسٹم ٹو سسٹم لنکیج جیسے نئے اقدامات پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ کاروباری افراد اور دیگر مسافروں کے لیے سفر کو مزید سہل بنایا جا سکے۔ اماراتی سفیر سے ملاقات کے موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ یو اے ای کے ساتھ برادرانہ تعلقات مزید گہرا کرنے کیلئے پرعزم ہیں ، بہتر سفری سہولتیں کاروباری روابط کے فروغ کیلئے اہم ہیں۔ اماراتی سفیر نے بتایا کہپاکستان میں نیا قائم کردہ یو اے ای ویزاسینٹربھی پراسیسنگ میں تیزی لانے میں معاون ہوگا۔وزیرخزانہ نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای عالمی سطح پر سرمایہ کاری، تجارتی نمائشوں اور ٹیکنالوجی ایکسپوز کا بڑا مرکز ہے اوراس تناظر میں بہتر سفری سہولتیں کاروباری روابط کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں،ملاقات میں دفاعی تعاون، تربیتی تبادلوں اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی عسکری روابط پر بھی بات چیت ہوئی۔قبل ازیںحکام وزارت داخلہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بریفنگ میں بتایا ہےکہ یو اے ای پاکستانیوں کو ویزے نہیں دے رہا،صرف بلیو پاسپورٹ اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے مل رہے ہیں۔سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر یو اے ای اور سعودی عرب میں پابندی لگتے لگتے بچی ہے، اگر پابندی لگ گئی تو اسے ہٹوانا مشکل ہوگا۔حکام کا کہنا تھا کہ یو اے ای والے ویزا نہیں دے رہے، صرف بلیو پاسپورٹ اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے مل رہے ہیں۔حکام وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک نےہمارے سسٹم میں مداخلت کی اور پاسپورٹس بنوائے، اس میں ہماری بھی ذمہ داری ہوگی کہ کرپشن ہوئی ہوگی،چند ماہ قبل سعودی عرب سے بڑے پیمانے پر پاکستانی نکالے گئے، ان میں کئی افغان شہری پاکستانی بن کر مقیم تھے۔