کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک “ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی والوں کو عمران خان سے ملنا ہے تو ہم سے بات چیت کریں۔ تحریک انصاف کے رہنما شہرام ترکئی نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس اتھارٹی ہے اور ملاقات ہو تو بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میر نےاپنے تجزیئے میںکہا کہ صورت حال بہت تشویشناک ہے، سات دسمبر کو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بہت بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں اور سات دسمبر کو جماعت اسلامی پنجاب میں مظاہرے کرے گی کہ یہاں بلدیاتی الیکشن کیوں نہیں ہوئے ہیں۔ جبکہ مریم نواز نے کسی وزیراعلیٰ کا ذکر کیاہے کہ وہ جلسے جلوس کے لئے وقت کہاں سے نکالتے ہیں۔ تاہم وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پنڈی میں دھرنا دئیے بیٹھے ہیں اور کہتے ہیں کہ پوری قوم سڑکوں پر آئے گی۔ شاہد خٹک نے بتایا ہے کہ ان کے پاس عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ اگر یہ مجھے جیل سے شفٹ کرتے ہیں تو آپ نے خیبر پختونخوا کو بند کردینا ہے اور تمام سخت اقدامات لینے ہیں۔