کراچی (ذیشان صدیقی/ اخترعلی اختر) ورلڈ کلچرل فیسٹیول،28ویں روز بین الاقوامی آرٹ نمائش کا افتتاح، صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہا کہ آج پوری دنیا میں آرٹس کونسل کے چرچے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 39روزہ ورلڈکلچرل فیسٹیول کے 28ویں روز بین الاقوامی آرٹ نمائش ”Peace & Piece “ والیم 5 کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیا گیا جس کا افتتاح صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کیا ،اس موقع پر آئس لینڈ کے مصور Halldor Ragnarssonاور مڈغاسکر سے آئی مصورہ Mendricka Ratsima بھی موجود تھے ۔ بین الاقوامی مصور وں کی جانب سے بنائے فن پاروں کے علاوہ عدیلہ سلیمان ، معین فاروقی ، قمر صدیقی ، عبدالجبار گل ، غلام مصطفی ، سلمان فاروقی ، تنویر فاروقی ، چترا پریتم ، عمران سومرو، عبدا لملک چنا ، ساجد علی تالپور ، عابد اسلم ، عقیل سولنگی ، محمد علی خان ، ساجد علی ، عظمی نور ، انعم اشرف ، رمشا ربانی اور محمد اویس کا کام نمائش میں پیش کیاگیا۔ اس موقع پرصوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہاکہ احمد شاہ عام شخص نہیں اس لیے اتنا بڑا فیسٹیول سجایا ہے، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ میں بہت خوش ہوں کہ ہم نے جو سوچا وہ کر دکھایا۔آرٹس کونسل کے طلباءزبردست کام کر رہے ہیں، معروف شاہد رسام نے کہاکہ ہم ”Peace & Piece “میں عالمی سطح کی آرٹ نمائش کا انعقاد کررہے ہیں ، محمد ذیشان نے کہاکہ جب آپ کا لگایا ہوا پودا پھل دینے اس سے زیادہ خوشی کی بات کیا ہوسکتی ہے، ۔ بین الاقوامی آرٹ نمائش ”Peace & Piece “ والیم 5 یکم دسمبر 2025ءتک احمد پرویز آرٹ گیلری ، احمد شاہ بلڈنگ ، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری رہے گی۔