• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، مصنوعی، جعلی اور مضر صحت دودھ تیار کرنیوالا ملک گیر نیٹ ورک بے نقاب

پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے مصنوعی، جعلی اور مضر صحت دودھ تیار کرنے والے ملک گیر نیٹ ورک کو بڑی کارروائی کے دوران بے نقاب کر دیا۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید کی براہِ راست نگرانی میں ڈائریکٹر آپریشنز یوسف اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عبد الستار شاہ نے خصوصی فوڈ سیفٹی ٹیم کے ہمراہ رات گئے ضلع ہری پور کے حطار انڈسٹریل زون میں کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کے ضلع بہاول نگر سے تعلق رکھنے والے مصنوعی دودھ میں ملوث گروہ کو فیکٹری کے اندر رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ڈی جی واصف سعید نے کاروائی کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کے بعد یہ بدنام زمانہ گروہ خیبرپختونخوا منتقل ہوگیا تھا، جسے کے پی فوڈ اتھارٹی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پکڑا۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ انٹیلیجنس بیسڈ معلومات کی بنیاد پر پہلے پنجاب میں پنجاب فوڈ اتھارٹی اور اب خیبرپختونخوا میں خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے اس مکروہ دھندے کو پکڑا۔ آپریشن کے تفصیلات بتاتے ہوئے واصف سعید نے کہا کہ چھاپے کے دوران فیکٹری سے مصنوعی دودھ کی تیاری میں استعمال ہونے والے بڑے پیمانے پر کیمیکلز، خام مال اور بھاری مشینری برآمد کی گئی۔ موقع سے مضر صحت دودھ سے بھرے ٹینکرز بھی پکڑے گئے۔جسے تلف کر دیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل نے مزید بتایا کہ فیکٹری غیر قانونی طور پر چلائی جا رہی تھی اور مصنوعی اور مضر صحت دودھ اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف بڑے شہروں کو سپلائی کیا جا رہا تھا۔ڈی جی واصف سعید نے بتایا کہ نیٹ ورک مبینہ طور پر روزانہ تقریباً ایک لاکھ لیٹر مصنوعی دودھ مارکیٹ میں سپلائی کر رہا تھا، جو انسانی صحت کیلئے شدید خطرناک ہے۔ کارروائی کے دوران فیکٹری سیل کرکے منیجر سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ تمام مشینری سرکاری تحویل میں لے لی گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ اس معاملے میں غفلت برتنے پر ہری پور فوڈ اتھارٹی کی ضلعی ٹیم کو معطل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسان دشمن عناصر کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور غذائی دھشتگردوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔ڈی جی واصف سعید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سہیل خان آفریدی کے وژن اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی ہدایات پر ایسے غذائی دہشت گردوں کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنائیں گے اور صوبہ بھر میں ایسے عناصر کیخلاف کریک ڈاو¿ن جاری رہے گا۔ڈائریکٹر جنرل نے ضلعی انتظامیہ ا ور پولیس کے بھرپور تعاون پر ان کا بھی شکریہ ادا کیا۔
پشاور سے مزید